آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈسے ملاقات،تربیتی رابطوں کوفروغ دینے پر اتفاق


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی کی صورتِ حال سے متعلق باہمی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ کام جوائنٹ آپریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس موقع پر سینٹ کام اور پاک فوج کے درمیان دفاعی تربیت اور رابطے بڑھانے کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا، دونوں جانب سے تربیتی رابطوں کوفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔