اے این ایف کی کارروائیاں،81کلومنشیات برآمد، دو خواتین سمیت11ملزمان گرفتار


راولپنڈی(صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف)کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، 6 مختلف کارروائیوں میں 81کلو منشیات برآمد کر کے دو خواتین سمیت11 ملزمان گرفتار کر لئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں کی گئی جہاں برطانیہ سے بھجوائے گئے دو پارسلز میں سے 44 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ اسلام آباد میں تین مختلف کارروائیوں میں ایم ون موٹر وے کے قریب گاڑی سے 30 کلو چرس برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ کاک پل کے قریب گاڑی سے 20.4کلو چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو جبکہ اسلام آباد کے علاقے چشتی آباد میں گاڑی سے 8.4 کلو چرس برآمد، 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اے این ایف کے ترجمان  نے کہا کہ خیبر کے علاقے تیرا زخہ خیل سے 17 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ پشاور جی ٹی روڈ کے قریب گاڑی سے 4.8 کلو چرس برآمد، 2ملزمان گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے عملے نے بلوچستان سے کراچی پہنچنے والے خالی کنٹینر کے سپیئر وہیل سے 70 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کر لئے ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے باضابطہ طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔