غزہ(صباح نیوز) حماس نے غزہ کی پٹی کے علاقے شجاعیہ کالونی میں ایک زور دار حملے میں کم از کم 10 اسرائیلی فوجی ہلاک کر دیے ہیں ۔ اس کارروائی کے بعدزمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 115 ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے گولانی بریگیڈ کے کمانڈر کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل سمیت 10اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔مغربی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں پر سب سے مہلک ترین حملہ کیا گیاجس میں میں کم از کم نو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔
گھات لگا کر کیا گیا یہ حملہ دو ماہ سے زیادہ کی تباہ کن بمباری کے باوجود حماس کی سخت مزاحمت کی علامت ہے۔ . یہ حملہ اسرائیلی فوج کے بارہا حالیہ دعووں کے بعد ہوا ہے کہ اس نے شمالی غزہ میں حماس کے ڈھانچے کو توڑ دیا ہے، عسکریت پسندوںکے باقی علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے، اور ہزاروں عسکریت پسندوں کو ہلاک اور سینکڑوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ لڑائی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اسرائیل حماس کو تباہ کرنے کے اپنے مقصد سے کتنا دور دکھائی دیتا ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے میں 18 ہزار 600 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ شہر اور آس پاس کے قصبے کھنڈرات کا ڈھیر بن چکے ہیں اور تقریبا 19 لاکھ لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا ہے۔