ملک و قوم کو جماعت اسلامی بے داغ ، ایماندار اور محب وطن قیادت فراہم کر سکتی ہے، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عوام کو لوٹنے کے لئے سارے چور ،لیٹرے اور کرپٹ افراد ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کر رہئے ہیں۔عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں، بار بار ان کو اقتدار میں لانا اور قومی خزانہ ان کے حوالے کرنا درست نہیں۔ جب تک قوم ان کو مسترد نہیں کرتی اس وقت تک عوام کی تقدیر سنور سکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کر سکتا ہے ۔ملک و قوم کو جماعت اسلامی بے داغ ، ایماندار اور محب وطن قیادت فراہم کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں 45 لاکھ سے زیادہ بجلی صارفین کو 31 دن سے زا ئد کے بل بھیجے گئے، 45 لاکھ میں سے 40 لاکھ صارفین کو 32 سے 34 دن کے بل بھجوائے گئے۔ پاورڈویژن کی رپورٹ میں 3 لاکھ 81 ہزار 510 خراب میٹرز ہیں، ان کا بل بھی صارفین کو بھجوانے کا اعتراف سے بجلی کی کمپنیوں کی لوٹ مار بے نقاب کرتا ہے۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ کیسے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ لوگ مہنگائی بے روزگاری اور دیگر معاشی مجبوریوں کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ ادرے بے حسی کا شکار ہیں۔حکومتی کارکردگی سے لوگوں میں مایوسی پھیلتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ کے مطابق 15ویں قومی اسمبلی کے 5 سال کے دوران قومی اسمبلی کے ایک دن کا اوسطاً خرچہ 6 کروڑ 65 لاکھ اور اجلاس کے ایک گھنٹے کا اوسطاً خرچہ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے رہا جبکہ ارکان کی حاضری 61 فیصد رہی۔ غریب قوم ایسے شاہانہ اخراجات کو برداشت نہیں کرسکتی۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت کی شرح بلند ہے، 40 فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ بے روزگاری ایک اور اہم معاشی چیلنج ہے، جس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ملازمتیں تلاش کرنے سے قاصر ہے۔بدعنوانی پاکستان کی ترقی اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان کے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے بدعنوانی سے نمٹنا  ہوگا