نوجوان دیانتدار قیادت کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،ڈاکٹر حمیرا طارق


لاہور(صباح نیوز) ناظمہ اعلی اسلامی جمیعت طالبات اسما اعجاز نے جمیعت طالبات کے مرکزی اور صوبائی نظم کے ہمراہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق سے منصورہ میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جمیعت طالبات اپنی تمام سرگرمیوں کا رخ  انتخابات کے تناظر میں یک نکاتی ایجنڈے کے  تحت الیکشن کمپین پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعیت یونیورسٹیز ،کالجز اور پروفیشنل تعلیمی اداروں میں طالبات سے بھر پور رابطے کریں ، انہیں اپنا ہمنوا بنائیں اور یہ باور کروائیں کہ ایماندار اور کرپشن سے پاک قیادت کے لئے جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر کرپٹ عناصر سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے جن کی وجہ سے وطن عزیز کا نوجوان طبقہ مایوسی کا شکار  ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ میڈیا وار کے اس دور میں سوشل میڈیا کے محاذ پر  جمعیت طالبات اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا  کرے۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر  حمیرا طارق نے کہا کہ عام انتخابات کی بھرپور پلاننگ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے تک جمیعت طالبات کی کارکنان میدان عمل میں جماعت اسلامی کے ساتھ رہیں تاکہ ہم بھرپور قوت کے ساتھ اپنے نظریے اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان  کے حصول اور امن، ترقی و خوشحالی کی جدوجہد کو مل کر کامیاب بناسکیں #