تعلیمی مسائل کے حل کے لئے اسلامی جمعیت طلبہ کا ملک گیر ریفرنڈم کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک میں بڑھتے ہوئے تعلیمی مسائل کے حل کے لئے ملک گیر تعلیمی ریفرنڈم کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ اچھرہ لاہور میں امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے مرکزی ریفرنڈم بوتھ کا افتتاح کیا۔

ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد نے میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ریفرنڈم کرائے گی،ریفرنڈم کے حوالے سے اسلام آباد، کراچی،پشاور،کوئٹہ،لاہور،مظفرآباداور گلگت میں بڑے کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک بھر میں “تعلیم ہی امید ہے روشن پاکستان کی”مہم کا آغاز کررکھاہے۔اس مہم کے تحت دوسرے مرحلے میں ملک بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں تعلیمی ریفرنڈم کروایا جائے گا۔

مطالبات پر مشتمل تعلیمی ریفرنڈم کے دوران ملک بھر میں جامعات،سرکاری ونجی کالجز ، اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کے باہر پولنگ اسٹال لگائیں جائیں گے، جہاں پر بڑی تعداد میں طلبہ اپنا ووٹ کاسٹ کرکے ،جنسی ہراسانی  اور منشیات سے پاک تعلیمی ماحول کی فراہمی،ریاستی طور پر فلسطینیوں کا ساتھ دیاجائے،اردو کو زریعہ تعلیم بنانے ،مخلوط نظام تعلیم کا خاتمہ اور اسلامی ماحول کی فراہمی،فیسوں میں کمی،طلبہ یونین انتخابات کا انعقاد،نجی تعلیمی اداروں کی ریگولرائزیشن،اور ملکی سطح پر یکساں نظام تعلیم راج ہونے کا مطالبہ کریں گے۔۔