8فروری کا دن ،قو م کے پاس کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیپرا کی تحقیقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین سے زائد وصولی کا ثابت ہو نا لمحہ فکریہ ہے ، تقسیم کار کمپنیاں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ حکومتی چیک اینڈ بیلنس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی ۔ ایک کروڑ صارفین متاثر ہوئے ہیں، 51لاکھ سے زائد صارفین کو 32دن،25لاکھ کو 33دنوں اور 10لاکھ کو34دنوں کے بل بھجوائے گے ۔ یہ اقدام قابل مذمت اور شرمناک ہے ۔بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ  8فروری قوم کے حقیقی نمائندوں کی کامیابی کا دن ہو گا ۔ قوم نے سب کو آزما لیا ، کسی نے روٹی کپڑا اور مکان کے نام پر بے وقوف بنایا ، کسی نے پاکستان کے عوام کو ایشن ٹائیگر بنانے کا خواب دکھایا اور کسی نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر قوم کو دھوکہ دیا ، سب کی حقیقت آشکار ہو چکی ہے ۔ 25کروڑ عوام اب ان کے دھوکے میں نا آئیں اور جماعت اسلامی کی دیانت دار اور بے داغ قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں ۔ عوام نے ہمیں موقع دیا تو ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے ۔ غریب پہلے سے زیادہ غریب اور امیر اور زیادہ امیر ہوتا چلا جا رہا ہے ۔

جماعت اسلامی ملک و قوم کو ان چوروں، لیٹروں اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے حکمرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے ۔پاکستان اس وقت مسائل کے گرداب میں دھنس کر رہ گیا ہے ۔ کرپشن نے اپنی جڑوں کو نیچے تک مضبوط کر لیا ہے ۔ کوئی ایک ادارہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جہاں کرپشن کی داستانیں دکھائی اور سنائی نہ دیتی ہوں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم آج جن مسائل کی زد میں ہیں جن میں مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا برابر کا حصہ ہے ۔تینوں نے بر سر اقتدار آکر آئی ایم ایف غلامی کو قبول اور ظالمانہ ٹیکس لگا کر مہنگائی میں اضافہ کیا ۔قو م کے پاس ان لوگوں سے نجات حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے