پاکستان مسلسل تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا ، عوام انتخابات میں چوروں کو مسترد کریں.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عوام اس مرتبہ انتخابات میں چوروں ، لیٹروں اور کرپٹ افراد کو مسترد کر کے محب وطن قیادت کو موقع دیں جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا جانتی ہو ، جماعت اسلامی کے نمائندے ہر قسم کی کرپشن سے پاک اور ایماندار ہیں ۔ اب کی بار قوم اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر کاسٹ کرے،آزمائے ہووں کو باربار آزمانا دانشمندانہ فیصلہ نہیں۔ پاکستان مسلسل تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا ، ہمارے ہمسایہ ممالک ہم سے آگے نکل گئے ہیں اور پاکستان کا ترقی کا سفرآگے کی بجائے پیچھے کی جانب گامزن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ، مریدے ، شیخوپورہ میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات بارے شکوک و شہبات پیدا کئے جا رہے ہیں ۔

پاکستان پہلے ہی مسائل کے گرداب میں دھنس کر رہ گیا ہے ، انتخابات کے التوا کی باتیں نا قابل فہم ہیں اور اس سے ملک کے اندر بے یقینی کی صورتحال جنم لے گی ۔ الیکشن کمیشن غیر جانبدار صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے ۔نگران حکومت کا کام کئیر ٹیکر کا ہے وہ 25کروڑ عوام کی منتخب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم جس نہج پر پہنچ چکے ہیں، اس میں مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کا کلیدی کردار ہے ، ان لوگوں نے صرف اور صرف عوام کے جذبات کو مجروع کیا ہے اور مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچاننے اور کرپٹ افراد کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں ، مہنگائی نے عوام کے چہروں سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بھی چھین لی ہیں ۔ سیاسی انتقامی کارروائیوں سے داخلی انتشار ، افراتفری اور معاشی عدم استحکام پیدا ہوا ہے