راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے حکومت پاکستان ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے ،نریندر مودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ہے دنیا نے مداخلت نہ کی تو بڑا المیہ رونما ہو گا جس سے دنیا کا امن خطرے میں پڑھ جائے گا
ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر سفارتی مہم کو تیز کرے ہندوستان آئے روز ریاست جموں وکشمیر کی بستیوں کا تاراج کررہا ہے منفی ٹمپریچر میں عوام کو کھلے آسمان تلے جمع کر کے تشدد کیا جارہا ہے گھروں کو مسمار اور قیمتی سامان لوٹا جارہا ہے ہندوستان کے تمام تر ریاستی ظلم وجبر کے باوجود کشمیری استقامت کا پہاڑ ہیں وہ اسلام کی سربلندی اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں عالمی برادری کشمیریوں کے ساتھ کیے ہوئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے انہیں ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرنے کا موقع فراہم کرے
انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی شکست کوچھپانے کے لیے فالس آپریشن کی تیاری کررہا ہے اگر ہندوستان نے اس کی حماقت کی تو کشمیری سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور ہندوستان کو اس کا بھرپور جواب دیں گے انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ اس اہم ایشو پر بین الاقوامی برادری کو خبردار کرے ہندوستان کے مذموم عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے ۔