مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر دنیا کو امن نہیں مل سکتا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر دنیا کو امن نہیں مل سکتا،عارضی جنگ بندی کے دوران اسرائیلی ظلم و بربریت جاری ہے، عالم اسلام کے اتحاد کے بغیر ملت اسلامیہ بحرانوں سے نجات نہیں پاسکتی۔

لیاقت بلو چ نے منصورہ مرکزی تربیت گاہ، ضلع جنوبی لاہور کی مرکزی سیاسی کمیٹی امیدواران قومی و صوبائی حلقہ جات کے اجلاس اور پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن ون میں خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عارضی جنگ بندی اسرائیل کی مجبوری ہے ،عالمی دباؤ کے سامنے امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل بے بس ہے ،عارضی جنگ بندی کے دوران اسرائیلی ظلم و بربریت جاری ہے ،یہودی صیہونی دہشت گردوں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا ہے ،فلسطین فلسطینیوں کا ہے، اسرائیلی صیہونی قبضہ ناجائز ہے. اسرائیل عالمی امن کے سینے پر ناسور بن چکا ہے.،مسئلہ فلسطین حل کیے بغیر دنیا کو امن نہیں مل سکتا اور عالم اسلام کے اتحاد کے بغیر ملت اسلامیہ بحرانوں سے نجات نہیں پاسکتی ۔

لیاقت بلوچ نے سابق فوجیوں کے فیلڈ کورٹ مارشل کی سزاؤں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان قومی ادارے ہیں ،فوج اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہی قومی سلامتی کا ضامن ہے ،نائن الیون کے سانحہ کے بعد فوجی حکمرانوں کی پالیسی پاکستان کو نہ ختم ہونے والے سیاسی، انتظامی، اقتصادی بحرانوں کا سامنا ہے ،امریکہ سے انٹیلی جنس، لاجسٹک، ٹریننگ پروگرامز میں شیئرنگ سے سکیورٹی فورسز میں دشمن کے ایجنٹ پیدا ہوگئے ہیں ،سکیورٹی فورسز میں پاکستان دشمن ممالک کے ایجنٹوں کی سرگرمیاں پوری قوم کے لئے باعث تشویش ہے ،شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات سے سیاسی استحکام آئے گا اور سکیورٹی فورسز کی قومی سلامتی کے محاذ پر مکمل توجہ قومی سلامتی کی مضبوط ضمانت ہوگی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی پی پی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ کئی عشروں خصوصا 2018 کے انتخابات کے بعد سے اقتدار پر براجمان ہیں،ان کی نااہلی، ناکامی اور ناقص کارکردگی ملک و ملت کے لئے عذاب بنی ہوئی ہے ،بار بار آزمائے گئے حکمران، مفاد پرست نااہل دھڑے سیاست اور ملک پر بوجھ ہیں ،مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، بدانتظامی، مفاد پرستی ملک و ملت کی سیاست، معیشت اور قومی وحدت کے لیے کینسر کی شکل اختیار کرگئی ،. 25 کروڑ عوام اپنے ووٹ کے نشتر سے سیاسی کینسر کا علاج کریں ،جماعت اسلامی کا ترازو نشان ہی ملک و ملت کو اتحاد و یکجہتی دلائے گی اور اہل ٹیم کیساتھ بحرانوں کا خاتمہ کرے گی۔