نئی دہلی(کے پی آئی)بھارتی کمیونسٹ رہنما ایس رام چندرن پلئی نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیر میں وہی کر رہی ہے جو اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن ایس رام چندرن پلئی نے بھارتی ریاست کیرالہ کے شہرکوٹائیم میں سی پی ایم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کامسلم اکثریتی تشخص ختم کرنے کے لیے دوسرے مذاہب کے لوگوں کو جموں وکشمیر بھیجا جا رہا ہے۔
جموں وکشمیر کو کسی بحث مباحثے کے بغیر مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا ۔ ایس رام چندرن پلئی نے اپنی جیب سے کاغذ کا ایک ٹکڑا نکال کر لہرایا اور کہا کہ ریاست جموں وکشمیر تقسیم ہورہی ہے ۔ اس طرح کی حرکتیں بھارتی جمہوریت کو برباد کر دیں گی۔
انہوں نے کانگریس پارٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پارٹی پر ایک خاندان کا غلبہ ہے ۔سونیا، راہول اور پرینکا کا کنٹرول ہے ۔یہ پارٹی بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے۔ علاقائی جماعتوں کو بی جے پی کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔