غزہ پر اسرائیلی بمباری ، عالمی برادری، بالخصوص مسلم ممالک کی بے حسی اور بے چارگی کا ثبوت ہے.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ پر مسلسل اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد کی شہادت عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک، اقوام متحدہ سمیت امن کے علمبردار ممالک کی بے حسی اور بے چارگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کی بجائے اپنی ذمہ داری ادا کرے ۔ اسرائیل نے ظلم و ستم کی تمام حدود عبور کر لیں ہیں۔مسلم ممالک کو کفار کا مقابلہ کرنے کے لئے متحدہونا پڑے گا ،اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ اگر آج امت مسلمہ نے یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا اور فلسطینیوں کی مدد نہ کی تو تاریخ معاف کرے گی اور نہ ہی دیگر مسلم ممالک اسرائیل اور امریکہ کی شر انگیزیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سے ہمدردی رکھنے والے ممالک اور بالخصوص مسلم ممالک کی طرف سے نہ صرف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے بلکہ اسرائیلی سفیروں کو بھی ملک بدر کیا جائے۔ثابت ہو گیا ہے کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس نے فلسطینیوں کی سر زمین پر قبضہ کر کے ان کا قتل عام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد13000سے تجاوز کر گئی ہے ،28ہزار افراد زخمی ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوںاور خواتین کی ہے ۔ عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار این جی اوز کو غزہ میں معصوم بچوں پر ہونے والا ظلم نظر نہیں آرہا۔ 6000سے زائد بچے شہید کر دیئے گے ہیں،مگر اسرائیلی وحشانہ پن کا خاتمہ نہیں ہو رہا ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں میں ابتک چار لاکھ سے زائد رہائشی عمارتیں تباہ،90مساجد ،250اسکولزاور 28ہسپتال بھی ملیامیٹ ہو چکے ہیں۔غزہ میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر غیر فعال کر دیا گیا ہے ۔16لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔اسرائیلی جارحیت میںاقوام متحدہ کے 100سے زائداہلکاربھی مر چکے ہیں ۔ اسرائیل امدادی قافلوں پر بمباری کر کے عالمی جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عالمی میڈیا جس انداز میں تعصبانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے اور یکطرفہ رپورٹنگ کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے مگر تعصب کے شکار میڈیا کو یہ نظر نہیں آرہا