لاہور(صباح نیوز)غزہ کے بیگناہ اور نہتے عوام پر قابض یہودیوں کا ظلم و تشدد حد سے تجاوز کر گیا ہے – ہزاروں فلسطینی مسلمان اور بچے شہید اور گھر مسمار ہو چکے ہیں-اس ظلم کے خلاف پوری دنیا کے عوام اور مسلمانان عالم سراپا احتجاج ہیں- حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے لاہور بھر کی خواتین کے دکھ و درد کے اظہار کو یک آواز کرنے کے لیے19نومبر 2023 کو غزہ مارچ کا اعلان کیا ہے جس میں لاہور سے ہزاروں خواتین اور بچے شریک ہوں گے-
میڈیا سے وابستہ افراد کو جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کی غرض و غایت اور شیڈول سے سے آگاہی کے لئے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق کی زیر صدارت ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد آج (جمعرات کو)سہ پہر 2:00بجے پریس کلب لاہور میں کیا جائے گا جس میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی ذمہ داران خطاب کریں گی-علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے حلقہ لاہور کے نظم کے ساتھ نشست میں غزہ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور غزہ مارچ کی مہم کے لیے کی گئی خصوصی کاوشوں کو سراہا- انہوں نے کہا کہ لاہور غزہ مارچ کے انعقاد کی کامیابی کا پیغام امت مسلمہ کی بیداری اور فلسطینی مجاہدین کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنے گا۔