بھارت خطے میں محاذآرائی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے، انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جدید دور کے درپیش چیلنجزسیموثر طورپر نبردآزما ہونے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ   پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنانے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے اور ترقی کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر  کے لئے جامع  اقدامات وقت کی ضرورت ہیں،   بھارت خطے میں محاذآرائی اور عدم استحکام  کو ہوا دے رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کو  بڑے مشکل اور کٹھن  حالات کا سامنا ہے،   پاکستان عالمی  امن کے لئے  اپناکردار ادا  کرتا رہے گا۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ  کے زیراہتمام مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کررہے تھے۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ جدید دورمیں پیش آنے والے چیلنجزسے نمٹناہوگا۔  پاکستان   24 کروڑ کی آبادی کاحامل ملک ہے جس کی آبادی کا 65 فیصد 30 سال سے کم عمر  ہے ، ان   کی صلاحیتیں معاشی طور پر  بروئے کار لائی جانی چاہیے۔ ہم اپنے  انسانی وسائل کی ترقی اور   ہنر مندی کی تعلیم  میں  پیچھے ہیں تاہم  صنعتی شعبہ   اور تارکین وطن   ملکی معیشت میں  نمایاں کردار اداکررہے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جس کو معاشی طورپر  مزید مستحکم  بنانے اور ان قدرتی وسائل کو ملک کے لئے کامیابی میں  ڈھالنے  کی ضرورت ہے،اس کے ساتھ ترقی کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں   نے کہا کہ جدید دور میں  خطے میں روابط اور راہداریوں کی بہت زیادہ اہمیت ہے، ان  سے تجارتی  سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  یہ ایک مستقل خطرے کے طورپر ابھر کر سامنے آئے ہیں،ان  سے نمٹنا کسی ایک ملک کے لئے  ممکن نہیں  ۔  ماحولیاتی  تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے مربوط تعاون کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی  تبدیلیوں  کے منفی  اثرات کم کرنے کے لئے اقوا م عالم کو اقدامات کرنا ہوں گے۔

بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان  عالمی امن کے لئے اپناکردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں محاذآرائی اور عدم استحکام  کو ہوا دے رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو سنجیدہ بنیادوں پر حل کیاجاناضروری ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کے بنیادی حقوق کااستحصال کیاجارہاہے ۔ انسانیت کا استحصال کرنے والا بھارت خود کو کیسے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ فلسطین میں معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ کوئی بھی  4700 بچوں   کے مارے جانے کا جواز  فراہم نہیں کر سکتا۔ معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی  جنونیت کو پورا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے۔ نگران وزیر اعظم  نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ افغانستان میں استحکام خطے کے لئے بہت ضروری ہے۔ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے صدر ایمبیسڈر  ڈاکٹر رضا محمد نے شرکاکاخیرمقدم کرتیہوئے نگران وزیراعظم  انوار الحق کاکڑ  کی جانب سے  ڈائیلاگ میں شرکت پر ان  کا شکریہ ادا کیا۔  اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹوٹ کے  صدر نے نگران وزیراعظم کو ادارے کی تازہ پبلیکیشن پیش کی۔