غزہ(صباح نیوز)غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں انیس سالہ اسرائیلی خاتون فوجی نوا مارسیانو بھی ہلاک ہوگئی ہے ۔ اسرائیلی فوج نے زیر محاصرہ غزہ میں انیس سالہ خاتون فوجی نوا مارسیانو کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ حماس نے اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہونے والی اسرائیلی خاتون قیدی کی ویڈیو جاری کردی۔ ادھر فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری کمانڈرابو عبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں 20 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کیا۔
ابو عبیدہ نے الجزیرہ سے نشر کی گئی ایک ریکارڈ شدہ تقریر میں مزید کہا کہ “قطری بھائیوں نے فلسطینی بچوں اور 75 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں غزہ میں زیر حراست اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کی کوشش کی، لیکن قابض دشمن مسلسل فرار کی راہ اختیار کر رہا ہیاور اپنے قیدیوں کو قتل کرنے کی پرواہ نہیں کرتا۔انہوں نے وضاحت کی کہ”غزہ میں متعدد قیدیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی اور امداد کو پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دینا شامل ہے، لیکن دشمن روک رہا ہے۔۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیل اس عمل کو طول اور جنگ بندی سے کترا رہا ہے۔دوسری جانب حماس نے اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہونے والی اسرائیلی خاتون قیدی کی ویڈیو جاری کردی۔۔
القسام بریگیڈ نے اعلان کیا کہ اسرائیل کی شدید بمباری میں 60 قیدی مارے گئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری جھڑپوں میں مزید 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 فوجی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔خطے میں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائیوں میں توسیع کے بعد 31 اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔سات اکتوبر سے اب تک لبنانی اور مغربی کنارے کی سرحدوں پر حملوں کے جواب میں 365 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں ۔