کوئٹہ (صباح نیوز)سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے بلوچستان پہنچنے پر بلوچستان کی اہم سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔اہم سیاسی شخصیات اور قائدین کے ساتھ ملاقات کے بعد ذرائعِ ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے بلوچستان میں ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کا جال بچھانے کا سلسلہ شروع کیا تاکہ غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہوسکے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ جاپان کے تعاون سے راکھی گاج سے بے واتا تک سڑک بنائی جو شمالی بلوچستان کو جنوبی پنجاب (ڈی جی خان) سے جوڑتی ہے، ہم نے قلات، کوئٹہ، چمن، خضدار، کراچی دو رویہ (این 25) پر کام شروع کیا۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لئے ترقی اور ڈیویلپمنٹ کا جو کام ہم نے شروع کیا تھا، ہماری حکومت کے بعد وہ سفر روک دیا گیا۔نواز شریف نے کہا کہ ہم نے 1998 میں گوادر کی ترقی کا سفر شروع کیا تھا یہ آج اور کل کی بات نہیں ہے، دہشت گردی کو ہم نے مکمل طور پہ ختم کیا، لوڈشیڈنگ کو مکمل طور پر ختم کر دیا تھا، بلوچستان میں 400 سے زائد چھوٹے ڈیم کے منصوبے شروع کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سابق قبائلی علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد طالب علموں کو وظائف دئیے، پسماندہ علاقوں کے ان ہزاروں بچوں نے وظائف پر بہترین تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی۔ تربت، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، پشین، گوادر، نوشکی اور وڈھ میں یونیورسٹی کیمپس کھولے جہاں ہزاروں نوجوان زیر تعلیم ہیں۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر ائندہ بھی چلیں گے، سب کے ساتھ تعاون کا رشتہ جوڑا تھا، اس رشتے کو مزید مظبوط بنائیں گے۔
دوسری جانب سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے وفد نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔جن جماعتوں کے رہنمائوں کی میاں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ان میں نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جمیعت العلما اسلام ف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما شامل تھے۔ن لیگ کے اعلی سطح کے وفد سے بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) رہنماوں نے ملاقات کی، جن میں صدر خالد مگسی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شامل تھے۔ملاقات کرنے والے ان جماعتوں کے رہنمائوں میں ڈاکٹر مالک بلوچ، ڈاکٹر حامد اچکزئی، نوابزدہ خالد خالد مگسی اور مولانا سرور موسی خیل شامل تھے۔
اس ملاقات کے بعد جے یوآئی کے رہنما مولانا سرور موسی خیل نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے یہ بتایا کہ وہ پہلے کی طرح اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ملاقات کے بعد ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ ہم نے اپنے تحفظات سے میاں نواز شریف کو آگاہ کیا اور ان کو بتایا عوام ووٹ کسی اور کو ڈالتے ہیں لیکن ووٹ نکلتا کسی اور کے نام پر ہے۔بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر نوابزادہ خالد مگسی نے کہا کہ ان کی میاں نواز شریف سے غیر رسمی بات ہوئی اور ہم نے کوئٹہ آنے پر انھیں خوش آمدید کہا۔ان کا کہنا تھا میاں نوازشریف سے مزید ملاقاتیں ہوں گی تو کسی سیاسی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات ہوگی،دوران ملاقات بلوچستان کے سیاسی قائدین نے مستقبل میں اشتراک عمل اور سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف دورہ کوئٹہ کے موقع پر درجنوں ممتاز سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئیں۔ ان میں سابق وزیر اعلی جام کمال، سابق وفاقی وزرا سردار فتح محمد حسنی، مجیب الرحمن محمد حسنی، میر عاصم کرد، میر دوستین ڈومکی کے علاوہ سابق وزیر خان محمد جمالی، فائق جمالی، غفور لہڑی، محمد خان لہڑی، سلیم کھوسہ، شعیب نوشیروانی، ذین مگسی، سردار عبدالرحمن کیھترانی، سردار مسعود لونی، محمد خان طور عثمان خیل بھی شامل ہیں۔ اسی طرح نور محمد دمڑ، شیر گل خلجی، حاجی برکت رند، شوکت بنگلزئی، عطااللہ، ربابہ بلیدی، میر انور شاہوانی، سردار علی حیدر ایم حسنی، جعفر کریم بنگار، سردار زادہ ادریس تاج، آغا فیصل احمد زئی، ملک شہریار، رامین ایم حسنی اور حاجی نور اللہ لہڑی بھی مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے۔
پارٹی کا سعید الحسن عاطف سنجرانی ڈاکٹر اشوک کمار ڈاکٹر محمد ایوب بلوچ میر اسماعیل بلوچ میر طارق بگٹی بسنت لال گلشن، محمد کاشف، مصلح الدین مینگل، داد شاہوانی، سردار نعمت اللہ تمرانی بزنجو، سردار زادہ میر اخلاق کدرانی، سردار زادہ عالم خان تمرانی بزنجو بھی کا حصہ بن گئے ۔مینا زینت شاہوانی، صوبیہ قبزئی، کاشفہ گچکی، سردار عالم تمرانی، میر اخلاق بزنجو زہری، رب نواز بہرانی اور حاجی حنیف رند بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کی دیگراہم سیاسی شخصیات ن لیگ کی قیادت اور راہنمائوں سے رابطے مکمل کر چکی ہے ۔پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے بلوچستان سے تمام سیاسی شخصیات کو پارٹی میں شمولیت پر مبارک دی اور خوش امدید کہا ہے