کوئٹہ(صباح نیوز)نیب بلوچستا ن نے کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کے تحت ویمن چیمبر آف کامرس کوئٹہ میں “کرپشن معیشت کی راہ میں رکاوٹ ہے” کے موضوع پر لیکچر کا انعقاد کیا گیا ۔لیکچر میں ویمن چیمبر آف کامرس کوئٹہ کی جانب سے صدر محترمہ شرمین یونس ، ایگزیکٹو ممبر زبشری بی بی، شہزادی فوزیہ ، سابقہ صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید رحیم نے شرکت کی جب کہ نیب بلوچستان کی جانب سے خرم شہزاد ڈپٹی ڈائریکٹر ، مس صالحہ زمان ڈپٹی ڈائریکٹر و دیگر ٹیم ممبران موجود تھے۔ اس لیکچر کا بنیادی مقصد عوام الناس میں بد عنوانی کیخلاف بیداری و نفرت پیدا کرنا تھا اور اسکے سدباب کا تعین کرنا تھا۔
دوران لیکچر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب(بلوچستان) خرم شہزاد نے معزز ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کرپشن کے معیشت پر مرتب ہونے والے موذی اثرات پر روشنی ڈالی ، انہوں نے نیب کے کام کے طریقہ کار کو بھی وضح کیا اور نیب میں درخواست دینے کے عمل کو بھی تفصیلا بیان کیا۔اس بات پر بھی زور دیا گیا خواتین کا بدعنوانی کے خاتمے میں ہمیشہ سے ایک کلیدی کردار رہا ہے، ہماری آج کی خواتین زندگی کی ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہیں لہذا کرپشن کے خلاف اس جنگ میں خواتین کی مدد کے بغیر مثبت اہداف حاصل کرنا ناممکن ہے۔
شرکا نے اس بات پر مزید زور دیا کہ خواتین کو ہر موقع پر کرپشن کی بیخ کنی کے لیے اپنی آواز بلند کرنا ہو گی تا کہ ایک کامیاب اور کرپشن سے پاک معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے اور ہمارا ملک خوشحالی اور کامرانی سے ہمکنار ہو سکے۔ دوران لیکچر دیگر حاضرین نے بھی موضوع کی مناسبت سے اپنا اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ویمن چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے نیب بلوچستان کا لیکچر کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا ۔ مجموعی طور پر یہ لیکچر بد عنوانی کے خلاف ایک آگاہی پروگرام تھا۔۔