190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: نیب کی عمران خان کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب) کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔راولپنڈی کی اڈیالا جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس پر سماعت کی۔نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرذوالفقارعباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر، بیرسٹرعمیرنیازی عدالت میں پیش ہوئے۔وزارت قانون نے عمران خان کے نیب کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،عدالت نے سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنایا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے نیب کی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ نیب تفتیشی ٹیم اڈیالا جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کرے گی۔اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھاکہ نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔۔