واشنگٹن(صباح نیوز)ہیومن رائٹس واچ نے غزہ کے ہسپتالوں پر اسرائیل کے حملوں کی ‘جنگی جرائم’ کے طور پر تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے “طبی سہولیات، اہلکاروں اور نقل و حمل پر غیر قانونی حملوں نے غزہ کے حفظان ِصحت کے نظام کو مزید تباہ کر دیا ہے اور اس کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کی جانی چاہیے۔
تنظیم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آزاد بین الاقوامی کمیشن اور بین الاقوامی فوجداری عدالت سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “اسرائیلی فوج کے اس دعوے کے باوجود کہ حماس نے 5 نومبر 2023 کو ہسپتالوں کا استعمال کیا”، پیش کردہ کوئی بھی ثبوت بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ہسپتالوں اور ایمبولینسوں کو ان کی محفوظ حیثیت سے محروم کرنے کا جواز پیش نہیں کر سکتا۔
ہیومن رائٹس واچ نے 7 اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیانی عرصے میں انڈونیشیا اسپتال، الاحلی اسپتال، بین الاقوامی آئی کیئر سینٹر، ترکیہ-فلسطین فرینڈشپ اسپتال، اور بیت المقدس اسپتال اور آس پاس کے مقامات پر حملوں کی تحقیقات کی ہیں۔