بھارت مقبوضہ کشمیر میں 74 سالوں سے اپنی ظالم فوج کے بل بوتے پر ظلم کے نئے ریکارڈ قائم کررہاہے


لاہور (صباح نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما مفتی محمد عمیر الازھری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 74 سالوں سے اپنی ظالم فوج کے بل بوتے پر ظلم کے نئے ریکارڈ قائم کررہاہے، کشمیر کے نوجوان سپوتوں کو آزادی سے جینے کا حق مانگنے، بہن بیٹیوں کی عزت کی حفاظت کرنے، حق خود ارادیت کا تقاضا کرنے اور مذہبی آزادی کی خواہش رکھنے پر نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ ہر روز سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں، دوکانوں اور دفتروں سے غائب کر لیا جاتا ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے سلسلے کو بڑھانے میں نہ صرف مصروف ہے بلکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ بھارتی اقدامات میں شدت آتی جارہی ہے،بھارت حقیقی معنوں میں ایک دہشت گرد ملک ہے ،جونہ صرف کشمیر بلکہ بھارت میں بھی بے گناہ اور معصوم انسانیت کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے،

مفتی محمد عمیر الازھری نے کہا کہ کشمیر اور بھارت میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی بدترین شکل اختیار کر چکی ہے۔ بھارتی بزدل افواج کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر یوں کو آزادی کا پورا حق حاصل ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں جس کے لئے وہ 74 سال سے قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں ۔ مرکزی رہنما ٹی ایل پی کا کہناتھا کہ کشمیر بھارت کی جانب سے دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی بنی ہوئی ہے جہاں پر سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج اور اس کے دیگر عسکری ادارے موجود ہیں جو آئے د ن نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ بھارتی بزدل فوج کبھی کشمیر میں کرفیولگا کرگھر گھر تلاشی لیتی ہے تو کبھی پاکستان کے حق میں نعرہ لگانے او رپاکستانی سبز ہلالی پرچم لہرانے پر پیلٹ گن کا استعمال کرکے نوجوانوں کو نابینا کر دیتی ہے مگر اس کے با وجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ 74سال گزر جانے کے با وجود بھی وہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو نہ ڈرا سکا ہے نہ دبا سکا ہے اور نہ آئندہ وہ کبھی اپنی اس ناپاک کوشش میں کامیاب ہو سکے گا۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جووہ لے کر رہیں گے ۔