اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، ٹی ٹی پی کے ساتھ ڈیل ہوئی تھی، جس کی تفصیلات آج تک پارلیمنٹ کے سامنے پیش نہیں کی گئیں۔سینیٹ کے اجلاس میں پی پی پی رہنما نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گردی وہ ہے جو غیر ریاستی عناصر ملکی سکیورٹی فورسز کے خلاف کر رہے ہیں اور ایک معاشی دہشت گردی ہے جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کر رہے ہیں۔
انہوں نے آرمی تنصیبات پر حملوں کو غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملے، غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے جڑے ہیں، پناہ گزینوں کی واپسی ایک اہم مسئلہ تھا جو نگران حکومت کی ذمہ داریوں میں نہیں آتا، اگر سکیورٹی کا زیادہ مسئلہ تھا تو پارلیمنٹ سے رجوع کرتے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مغربی طاقتوں کی نمبر ون سٹیٹ ہے جسے چین کو روکنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں سینیٹر نے ٹی ٹی پی کے ساتھ ہونے والی ڈیل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ ڈیل ہوئی تھی، جس کی تفصیلات آج تک پارلیمنٹ کے سامنے پیش نہیں کی گئیں، اس وقت کی سیاسی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ داری لینا ہوگی، طالبان حکومت کو ٹی ٹی پی مذاکرات میں شامل نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اندرونی فالٹ لائنز کو ہم دھیان سے دیکھیں اور بلوچستان میں چیک پوسٹ ختم کی جائیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسنگ پرسنز کو عدالت میں پیش کیا جائے اور اس کا کلچر ختم کیا جائے۔رضا ربانی نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔