لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ملتان روڑ منصورہ کے متصل ٹریفک حادثے میں نوجوان کے جاںبحق ہونے پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور نوجوان کی ہلاکت کا ذمہ دار اہل ڈی اے حکام کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا نے چند ماہ قبل جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کے بعد ایل ڈی اے حکام کو واضح احکامات دیے تھے کہ منصورہ ،اس سے ملحقہ ہسپتال اور سکول کے سامنے سپیڈ بریکر زبنائے جائیں اور پیدل سڑک کراسنگ کے لیے اوور ہیڈبرج تعمیر کیا جائے ،لیکن ایل ڈی اے حکام نے کمشنر لاہور کے احکامات کو نظر انداز کر کے مجرمانہ فعل کیا ہے۔
انہوں نے کہا جماعت اسلامی ایک عرصہ سے لاہور کی انتظامیہ کو متعدد بار باور کروا چکی ہے کہ اس پوائنٹ پر متعدد ٹریفک حادثات میں کئی افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں ،منصورہ جماعت اسلامی کا مرکز بھی ہے اور آس پاس کی آبادی کے لوگ نماز کی ادائیگی کے لیے جامع مسجد منصورہ آتے ہیں ، یہاں ایک ہسپتال اور بچیوں کا سکول بھی ہے لہذا ملتان روڑ منصورہ کے مقام پر سپیڈ بریکرز نا گزیر ہیں ،انتظامیہ نے ہمیشہ اس مطالبے پر کبھی توجہ نہیں دی اور سنی ان سنی کر دی ۔انہوں نے کہا کمشنر لاہور افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیں ،سپیڈ بریکرز بنوائیں جائیں بصورت دیگر جماعت اسلامی سخت احتجاج کرئے گی۔