اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرائیں. حریت کانفرنس

 سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے کی موجودہ ابترصورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی بلاجواز کارروائیوں کیوجہ سے لوگ شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروںاور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این ائی اے ، ایس آئی اے وغیرہ کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی نہ ختم ہونے والی بلاجواز کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اور ملازمین، طلبائ، تاجروں، صحافیوں، وکلا، دانشوروں اور سیاسی کارکنوں کو ڈرائے دھمکائے جانے کی وجہ سے لوگ سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کو جاری تحریک آزادی سے وابستگی پر بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے ، مودی حکومت نے تمام اداروں کو ہندوتوا کے دائرے میں لایا ہے جبکہ مسلم ملازمین کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے اور کشمیریوں کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔