کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ شاعرمشرق علامہ محمد اقبال ایک بااصول ومخلص انسان اورامت کادردرکھنے والے رہنما تھے،علامہ اقبال نے دوقومی نظریہ کی بنیاد پرمسلمانوں کے لیے الگ ملک کے قیام کا خواب دیکھا اورقائداعظم محمد علی جناح اوراس کے ساتھیوں نے جدوجہدکرکے مملکت پاکستان کی صورت میں اس کی تعبیر کی۔شاعر مشرق نے اپنی شاعری اورنثر کے ذریعے مسلمانوں کے اندرالگ ملک حاصل کرنے کے لیے بیداری کی ایک لہرپیدا کی ،سیاسی رہنماوں سمیت نسل نوکو علامہ اقبال کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرنا چاہئے کیونکہ اس کے بغیرہمارا آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔
نونومبرعلامہ محمد اقبال کی یوم وفات پرجاری اپنے پیغام میں صوبائی امیرنے مزیدکہاکہ علامہ اقبال نوجوانوں کو شاہین صفت دیکھنا چاہتے تھے وہ نسل نوکوترقی وکامیابی کا زینہ سمجھتے تھے۔آج نوجوان ملک کا مستقبل اورامت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔آئندہ انتخابات میں بھی نوجوانوں کا بڑاکرادار ہوگا۔علامہ اقبال نے بھی نہ صرف پاکستان کی ترقی وسلامتی امت مسلمہ کی ترقی وسلامتی کو بھی نوجوانوں سے جوڑدیا ہے۔صوبائی امیر نے کہاکہ بدقسمتی سے علامہ اقبال کا قومی ویژن اور قائداعظم کی عملی جدوجہد کے برعکس آج کا پاکستان ، بانیانِ پاکستان کی عظیم جدوجہد کی نفی کرتا نظر آتا ہے۔ ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ، پاکستانی سیاسی کلچر میں فرقہ واریت ، مذہبی و لسانی گروہ بندی ، دہشت گردی اور کرپشن کی اْبھرتی ہوئی تصویر نے پاکستان کے خدوخال کو ایک مرتبہ پھر دھندلا کر رکھ دیا ہے۔ فکر اقبال اوربانیانِ پاکستان کی تعلیمات کے برخلاف ملک کے جمہوری تشخص اور پاکستان کی اساس کو نقصان پہنچانے کیلئے منظم اندرونی و بیرونی تخریب کاری کو ہوا دی جا رہی ہے۔پاکستان علامہ اقبال کا فیضان ہے۔اقبال کی فکر سے وابستگی کا یہ تقاضا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری فلاحی مملکت اوراسلام کا قلعہ بنائیں۔#