اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ قابض ہندوستان کی طرف سے مزمل ایوب ٹھاکر اور آصف ڈار کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ کے تحت سری نگر میں مقدمہ ہندوستان کی عالمی سطح پر بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ،دنیا بھر میں مقیم کشمیری اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کررہے ہیں،ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے کشمیریوں کو حق حاصل ہے کہ ہندوستان کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور ظلم وستم کے خلاف آواز بلند کریں ،مقدمات ،جبر و تشدد،کرفیو سے ہندوستان کشمیریوں کو کبھی غلام نہیں بنا سکتا کشمیریوں نے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اقوام متحدہ،او آئی سی ، انسانی حقوق کے ادارے حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر آواز اٹھائیں اور ہندوستان پر دبائو بڑھائیں تا کہ وہ کشمیریوں پر جاری ظلم وستم کا بازار بند کرے۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک میں مقیم کشمیری وہاں کے قوانین کی پابندی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مظالم پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے طویل عرصے سے سرانجام دے رہے ہیں ہندوستان اپنے ناجائز قبضے کو دوام بخشنے اور مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے کشمیر کے بہادر بیٹے اپنی سرزمین پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کرتے ۔