آکسفورڈ یونیورسٹی پریس  کا تین روزہ اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول 3 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہو گا


اسلام آباد(صباح نیوز)آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) تین روزہ اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول(آئی ایل ایف) کے نویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ ادبی میلہ 3 تا 5 نومبر 2023 گندھارا سٹیزن کلب F-9 پارک میں ہوگا، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔فیسٹیول کا عنوان ‘People, Planet,Possibilities’ہے، جس میں کلیدی نوٹ، دلچسپ مباحثات، کتابوں کی رونمائی اور فلموں سمیت دیگر کی نمائش کی جائے گی۔فیسٹیول کا افتتاح جمعہ 3 نومبر کو ہوگا، جس میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ ارشد سعید حسین، منیجنگ ڈائریکٹر، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس؛ جین میریٹ، برطانیہ کی ہائی کمشنر؛ اور خالد محمود، منیجنگ ڈائریکٹر، گیٹز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ فیسٹیول کے افتتاحی روز خطاب کریں گے۔

تقریب میں نامور برطانوی مصنفہ، سوانح نگار، اور مورخ وکٹوریہ شوفیلڈ، اور اردو کے ممتاز شاعر ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، اور صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس افتخار عارف کے خصوصی خطاب بھی شامل ہوں گے۔ ادب کے حوالے سے ایک خوبصورت پرفارمنس سے تقریب کا اختتام ہوگا۔اردو شاعری کا جشن منانے کی روایت کے مطابق افتخار عارف کی صدارت میں ایک عظیم الشان مشاعرہ ہوگا۔ فیسٹیول کی دوسری اور تیسری شام استاد حامد علی خان کے ساتھ غزل نائٹس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔تمام معلوماتی اور ادبی مباحث کی میزبانی اپنے شعبوں کے نامور ماہرین کریں گے۔ جن میں ڈاکٹر عشرت حسین، ملیحہ لودھی، محمد اورنگزیب، محمد اظفر احسن، ثاقب احمد، ڈاکٹر فرزانہ باری، ڈاکٹر نجیبہ عارف، ناصر عباس نیئر، کشور ناہید، ناصرہ زبیری، عمر شاہد حامد، منیزہ شمسی، حارث خلیق، حامد خان، زاہد حسین، نسیم زہرہ، حامد میر، عاصمہ شیرازی، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، اصغر ندیم سید، خالد انعم، سرمد کھوسٹ، اور بیو ظفر شامل ہیں۔

مختلف نقطہ نظر کے حامل ماہرین تین دن تک فیسٹیول کے مختلف سیشنز کی رونق بڑھائیں گے۔ جس میں مصنوعی ذہانت کا ارتقا پذیر کردار، تعلیمی ارتقا، عصری ادب، خطرے سے دوچار زبانیں، اشاعت میں خواتین کا کردار، کاروباری حرکیات میں تبدیلی اور خارجہ پالیسی سمیت دیگر اہم موضوعات شامل ہیں۔ تقریب میں برطانیہ کے معروف امتحانی بورڈ ‘OxfordAQA’ کا تعارف بھی پیش کیا جائے گا۔ دنیا بھر میں اپنی تعلیمی مہارت لیے مشہور OxfordAQA برطانیہ کے تعلیمی نظام کے ساتھ منسلک ہے اور جلد ہی پاکستان میں امتحانات کے لیے ترجیحی آپشن کے طور پر دستیاب ہوگا۔او یو پی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے ادبی میلوں کو پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایل ایف اور کے ایل ایف دونوں معاشرے میں اخلاقی اور ثقافتی نقطہ نظر کو بحال کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ ہمیں اپنی پہچان برقرار رکھتے ہوئے عالمی ثقافت کا مساوی اور مضبوط حصہ بننے کا یقین دلاتے ہیں۔اسلام لٹریچر فیسٹیول کے نویں ایڈیشن کا اہتمام CDA، Getz Pharma Pakistan، Kaizen Paint Pvt Ltd، برٹش کونسل اور دیگر کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔آئی ایل ایف نے ادب کے شائقین کے دلوں میں خاص مقام بنالیا ہے، جس میں اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح سے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہیں۔ یہ فیسٹیول ادبی کارناموں کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس میں انسانی تہذیب کے ارتقا میں بڑے پیمانے پر فکری تخیل پر خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے بارے میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) آکسفورڈ یونیورسٹی کا ایک شعبہ ہے۔ یہ دنیا بھر میں تحقیق، اسکالر شپ اور تعلیم کے حوالے سے کتابیں شائع کرکے یونیورسٹی کے وژن کو آگے بڑھاتا ہے۔ او یو پی دنیا کا سب سے بڑا یونیورسٹی پریس ہے، جس کی شاخیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔او یو پی ہر سال ہزاروں نئی کتابیں شائع کرتا ہے۔ دنیا کے 50 ممالک میں اس کے دفاتر ہیں اور ادارہ 5,500 افراد کو ملازمت فراہم کرتا ہے۔متنوع اشاعتی پروگرام کی وجہ سے لاکھوں افراد آکسفورڈ یونیورسٹی پریس سے مانوس ہوگئے ہیں۔ اس کی اشاعت میں تمام تعلیمی مضامین، بائبل، موسیقی، اسکول اور کالج کی نصابی کتب، بچوں کی کتابیں، انگریزی کو غیرملکی زبان کے طور پر پڑھانے کے لیے مواد، کاروباری کتابیں، لغات، حوالہ جاتی کتابیں اور تعلیمی جرائد شامل ہیں۔۔