پاکستانی نوجوان آئی ٹی کے شعبہ میں تیز رفتار تبدیلیوں کے لیے خود کو تیار کریں۔صدر مملکت


اسلام آباد(صباح نیوز):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں موجودہ اور اختراعی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ترقی و خوشحالی کے وسیع امکانات کی حامل مسلسل پھیلتی ہوئی عالمی آئی ٹی مارکیٹ تک رسائی حاصل کریں۔

جوائنٹ کلچرل سوسائٹی فار کمیونیٹیز کولیبریشن کے زیراہتمام ،ڈیجیٹل دنیا میں موجودہ کاروباری پہلو ،کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس ویبینار کا اہتمام ڈیجیٹل دنیا کے وژن، رجحانات اور مصنوعی ذہانت میں تازہ ترین تبدیلیوں پر غور اور نوجوانوں کے کردار پر تبادلہ خیال کے لیے کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے ماہرین نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کمپیوٹنگ، ڈیٹا کی پروسیسنگ، مصنوعی ذہانت کے تجزیے، توانائی اور تھری ڈی مینوفیکچرنگ جس میں انٹرنیٹ ڈیٹا، سوشل نیٹ ورکنگ سمیت دیگر امور شامل ہیں، ان شعبوں میں بڑے انقلاب برپا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تربیت یافتہ نوجوانوں کی خواہش کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا کے لیے انسانی وسائل تیار کیے ہیں، ڈیجیٹل مہارت کے پروگرام کے ذریعے 24 لاکھ میں سے درخواست دینے والے 16 لاکھ افراد اگلے مرحلے میں چلے گئے، اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی مفت کورسز پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سافٹ ویئر اور سمارٹ ایپس کو تیار کرنا سیکھیں کیونکہ سمارٹ ایپس ڈویلپرز اس میں سرمایہ کاری کی تلاش میں ہیں، چین نے مختلف ایپلی کیشنز کو ڈویلپ کرتے کرتے اپنے سافٹ ویئر تیار کر لیے۔

آئی ٹی کے میدان میں ہونے والی بے پناہ تخلیقات کی وجہ سے پیدا ہونے والے تکنیکی خلا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معلومات ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے دنیا میں لوگ ترقی کر رہے ہیں، پاکستان کی نوجوان آبادی متعلقہ شعبہ میں مہارت پیدا کرنے کے بعد عالمی معلومات تک رسائی حاصل کر سکتی ہے، سمارٹ ایپس تیار کرنے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان بدل رہا ہے، دنیا آئی ٹی آلات کے لیے مارکیٹ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹیوٹا پنجاب نے فیس بک/میٹا کے تعاون سے 3 ہزار خواتین کو دنیا تک رسائی کی تربیت دی ہے جبکہ 10 ہزار مزید خواتین کو تربیت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوان دنیا بھر میں ہونے والی آئی ٹی کے شعبہ میں تیز رفتار تبدیلیوں کے لیے خود کو تیار کریں گے اور اس شعبہ سے کمائی کے مواقع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کا نام بھی روشن کریں گے۔