اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیااور کہا ہے کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز ضروری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایس ایم اے کے زیر اہتمام پہلی نیشنل ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل تبدیلی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اٹھائے جانے والے مضبوط اقدامات پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنا ہے، معیشت، گورننس اور معاشرے کو ڈیجیٹل کر رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز ضروری ہیں،انہوں نے ڈیجیٹل اختراعات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے جاری حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
شزہ فاطمہ نے ملک کی معاشی ترقی میں ٹیلی کام انڈسٹری کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شعبہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آ ئی سی ٹی) کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے شرکا کو ملک کے اندر آئی سی ٹی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کے بارے آگاہ کیا جس کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہنر پر مبنی تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل کے شعبے میں صنفی شمولیت ہماری ترجیح ہے۔