کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی ظلم کے خلاف اور مظلوم کیساتھ ہے۔ کراچی میں مزیدسیاسی بدعنوانی ،بے انصافی،دھاندلی نہیں چلے گی۔
جماعت اسلامی کراچی کے احتجاجی دھرنے کے شرکاسے اظہار یکجہتی کے لیے کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کالے بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کرے اوراس قانون پر نظر ثانی کرلے اور ایسا قانون بنائیں جس سے ملک کے سب سے بڑے شہر اور معاشی واقتصادی شہ رک کراچی کے تین کروڑسے زائد عوام کو فائدہ ہوکالے قانون ،ناانصافی اور ظلم کے خلاف ،حقوق کے حصول کیلئے آج پورے ملک میں جماعت اسلامی سراپااحتجاج ہے۔بدعنوانی اوردھاندلی کیلئے کالی قوانین کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔
سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی کراچی کے احتجاجی دھرنے کے شرکاسے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے مظاہرہ کیا ۔مظاہرے سے جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی ،نائب امیر صوبہ ڈاکٹر عطاء الرحمان ،اسلامی جمعیت طلباء کے ضیاء موسیٰ زئی ،جمعیت طلباء عربیہ کے حافظ بخت اللہ نے بھی خطاب کیا مقررین نے خطاب میں کہاکہ یہ کیسا قانون ہے کہ پشاور میں براہ راست میئر انتخاب کیا جاتا ہے اور سندھ میں ایسا قانون بنایا گیا ہے کہ جس کے میئر کو برارہ راست منتخب نہیں کیا جارہا ۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت اور میئر کا انتخاب براہ راست کروایا جائے ،کراچی کی حیثیت ایک ماں کی سی ہے ،کراچی اندھیروں میں رہے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا ،ہم ایک بااختیار شہری حکومت چاہتے ہیں جس کے میئر کے پاس تمام اختیارات ہوں، موجودہ کالے بلدیاتی قانون میں وہ نظام موجود نہیں جو آئین کے آرٹیکل 140-Aکا کہنا ہے ،جماعت اسلامی کی جدوجہد کراچی ،اسلام آباد،گوادر یہ کسی اور شہر میں ہو یہ ظلم و استحصال کے خلاف ہے کسی پارٹی کے خلاف نہیں ، پیپلز پارٹی شہیدوں کے نام پرسیاست کرکے عوام کو لوٹ رہی ہے اب عوام بیدار ہوگیے ہیں ۔
انشاء اللہ عوام کو جماعت اسلامی حقوق دلائیگی ۔جماعت اسلامی نے گوادر کے بعد سندھ میں عوامی حقوق کے حصول ظلم وجبر کے خلاف تاریخی دھرنے شروع کیے ہیں انشاء اللہ ان عوامی دھرنوں کی بدولت عوام بیدار ہوگی اور حکمرانوں کو بھی خواب غفلت سے بیدارکرکے حقوق حاصل کریں گے دھرنے جماعت اسلامی کیلئے نہیں بلکہ مظلوم عوام کو حقوق دلانے کیلئے ہیں ۔ساڑے تین کروڑ عوام پر مشتمل شہر کراچی کے عوام کی نہ سننا سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم اور نصف آبادی کو اس کے حق سے محروم کرنا ہے ۔
کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے ، ساڑھے تین کروڑ ساحل سمندر کے کنارے رہنے والے شہری ہیں،جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی اور آج بھی اقتدارمیں نہ ہونے کے باوجود خدمت کررہی ہے ، سابق جنرل پرویز مشرف بھی جماعت اسلامی کی خدمات پر اعتراف کرتے ہیں ،جب ہم صاف پانی ،سڑکوں کی تعمیر،کالجز،اور اسپتالوں کا مطالبہ کرتے ہیںتو عوام کے لیے کرتے ہیں ،عوام کا تعلق تمام سیاسی پارٹیوں سے ہیں کسی ایک پارٹی سے نہیں طویل عرصے سے عوام پر حکمرانی کرنے والی پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ،پی ٹی آئی سمیت دیگر لوکل مقامی جماعتوں نے عوام کی کونسی خدمت کی ہیں ۔مقتدرپارٹیاں بتادیں کہ بلوچستان کے شہروں ودیہاتوں میں ترقی کیوں نہیں ہوئی ۔جماعت اسلامی ہر ظلم وجبر کے خلاف ہر میدان میں موجود ہیں انشاء اللہ ظلم وجبر کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد ضرور رنگ لائیگی