کراچی کا ہم تمام علما پر بہت بڑا قرض ہے اس لیے ہم یہاں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،مفتی منیب الرحمن


کراچی (صباح نیوز)رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین اور ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمان نے جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ اس ہفتے بارش اور شدید سردی کے باوجود آپ اس شہر کے حقوق کے لیے یہاں جمع ہے۔کراچی نے ہمیں پہچان دی اور اہل کراچی نے ہمیں محبت دی۔

کراچی دنیا کے چند بڑے شہروں میں سے ایک ہے۔کراچی پاکستان کی شہہ رگ ہے۔پاکستان کے قومی وسائل میں کراچی کا بہت بڑا حصہ ہے۔کراچی کا ہم تمام علما پر بہت بڑا قرض ہے اس لیے ہم یہاں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔سندھ اور اسلام آباد کے حکمرانوں کو چاہیے کہ پر امن لوگوں کی آواز کو سنیں۔اگر آپ اس ملک میں تشدد اور انتہا پسندی کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو ان پر امن لوگوں کے جائز مطالبات کو سنا جائے۔انفرا اسٹرکچر کے حساب سے کراچی کی آبادی بہت زیادہ ہے۔کے الیکٹرک نے تانبے کی تاروں کو بدل دیا جو عالمی حساب سے غیر معیاری ہیپانی کی لائن کو ازسرنو بچھایا جائے۔سیوریج کی لائنوں کو ٹھیک کیا جائے۔11سو ارب کے پیکج کا جو اعلان کیا گیا تھا اسے کراچی کے حوالے کیا جائے۔اس کراچی کا مینڈیٹ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے پاس تھا پر وہ ڈیلیور نہیں کرسکے۔آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کس منہ سے انتخابات میں حصہ لے گی۔آج میں اس پلیٹ فارم سے وزیر اعلی اور تمام صوبائی ممبران سے کہتا ہوں کہ خود سامنے آئے۔جو لوگ یہاں بیٹھے ہیں ان سے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے جائیں۔