اقوام متحدہ کا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ پورا نہ ہونا افسوسناک ہے ،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف  نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ73 سال گزر گئے لیکن افسوس اقوام متحدہ کا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا۔

ٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کو حق خود ارادیت دینے سے ہی اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی ساکھ بحال ہوسکتی ہے ۔تنازعہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن وترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حق استصواب رائے کی فراہمی اقوام متحدہ کے قیام اور اس کے منشور کے بنیادی نکات ہیں، ان پر منصفانہ عمل کیاجائے۔