کوئٹہ(صباح نیوز)چیئر مین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد کی ہدایات پر نیب بلوچستان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں عام لوگوں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان ظفر اقبال خان ہرسائل کو خندہ پیشانی سے ملے اور ان کے مسائل سنے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے اپنے خطاب میں نیب کے مینڈیٹ کے بارے میں بات کی اورلوگوں کو نیب میں درخواستیں دینے کا طریقہ کار بتایا ۔
اپنے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کیخلاف سرگرمِ عمل ہے اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ۔ بلوچستان کے وسائل اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا احتساب ہر صورت ہو گا۔ عوام الناس سے دھوکہ دہی کرنے والے عناصر بھی قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے ۔
ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے اس موقع پر موجود لوگوں کو انفرادی طور پر سنا ،پہلے سے زیر تفتیش معاملات / مقدمات میں متعلقہ اسٹاف سے رپورٹ طلب کی ،فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے اور پہلے سیزیر التوا معاملات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایات جاری کیں۔ نیب بلوچستان میں کھلی کچہری کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہر ماہ کی آخری جمعرات کو بوقت سہ پہر 2 بجے تا 4 بجے شام ہو گا۔