خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس ،وزیر اعظم عمران خان کو نوٹس جاری


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کے کیس میں وزیر اعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

منگل کو ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے سیشن کورٹ فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو سماعت کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا۔ خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کر دیا، یہ کیس 2012 کا ہے اور 2021 میں سوالات وضع کیے گئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کہتے ہیں کہ التوا عمران خان کی طرف سے ہوا؟ ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔ خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التوا لیا گیا۔   عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پر وزیراعظم عمران خان نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا ۔