عمران خان سے برطانیہ کے لارڈ ڈینیل حنان کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے لارڈ ڈینیل حنان نے ملاقات میں گرین پاکستان ویژن کی تعریف کرتے ہوئے 10بلین ٹری سونامی منصوبے کو سراہا۔  وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے لارڈ ڈینیل حنان کی ملاقات ہوئی ،

ملاقات میں گورنرپنجاب چوہدری سروربھی شریک تھے۔ملاقات میں ملکی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔لارڈ حنان نے وزیراعظم کے گرین پاکستان ویژن کی تعریف کرتے ہوئے 10بلین ٹری سونامی منصوبے کوبھی سراہا۔

دوران ملاقات برطانیہ کے لارڈ ڈینیل حنان کا کہنا تھا کہ آپ کے منصوبے نے عالمی سطح پرزبردست پذیرائی حاصل کی ہے۔خیال رہے وزیر اعظم عمران خان کے گرین وژن کی دنیا بھر میں پذیرائی جاری ہے، اقوام متحدہ نے پاکستان کو ایشیا کا فاریسٹری چیمپئن منتخب کر لیا۔پاکستان کو یو این ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی نے فاریسٹری چیمپئن قرار دیا ہے، پاکستان بطور ریجنل چیمپئن ایشیائی ممالک کی فاریسٹری منجمنٹ میں مدد کرے گا۔