کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ افراد کی کردار سازی میں جمعیت کا بڑا کردار ہے، جمعیت تحریک اسلامی کا ہر اول دستہ ہے جس نے جماعت اسلامی اور ملک کو قابل،نڈر اور خوف خدا رکھنے والی قیادت دی ہے، جمعیت کے کارکنان تعلق بااللہ مضبوط اور معاشرے کے قائد بن کر اپنا وملک کا مستقبل روشن وتابناک بنائیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے تحت منعقدہ پانچ روزہ تربیت گاہ برائے تیاری مدرسین سے خصوصی خطاب کے دوران کیا، ناظم صوبہ حافظ فیضان بھٹی، معتمدصوبہ سعید حسن قاضی اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے،
پانچ روزہ تدریس القرآن کیمپ میں سندھ بھر سے منتخب رفقاء شریک ہیں، کیمپ سے جماعت اسلامی کے رہنمائوں، دینی ومذہبی اسکالرز،علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ کیمپ کے کل وقتی مربی جمعیت سندھ کے سابق ناظم حارث مسعود ہیں جبکہ اتوار کو(کل) آخری روز ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی خصوصی خطاب کریں گے۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب کی جدوجہد کے ساتھ آخرت میں کامیابی ہماری اصل منزل ہے، دعوت دین کا بہت بڑا کام ہے، جمعیت سے فارغ ہونے کے بعد بھی کارکنان کو دعوت دین کو اپنا اوڑنا بچھونا بناناچاہئے اسی میں ہماری دنیا وآخرت دونوں بہتر ہوں گے، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کارکنان پرزور دیا کہ وہ اپنی انفرادی واجتماعی زندگی میں نظم وضبط قائم کریں نظم ضبط والی اجتماعیت ہی بڑی تبدیلی لاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی سیجے یو آئی سندھ کے وفد نے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد کی قیادت میں قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کی، وفد نے طارق روڈ پر جامع مسجد مدینہ کی شہادت کے عدالتی فیصلے سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔محمد اسلم غوری، ڈاکٹر نصیر سواتی جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو،جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔