اسلام آباد(صباح نیوز)ملک کی معاشی صورتحال کی روشنی میں پاکستان بزنس فورم کا مطالبہ ہے کہ مخلوط حکومت اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کسی تجربہ کار ماہر معاشیات کے نام پر اتفاق رائے کریں۔پی بی ایف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے رائے دی کہ ملک کو عام انتخابات کے عبوری دور میں معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ماہر معاشیات کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہم نے تجویز کیا کہ ڈاکٹر حفیظ احمد پاشا، شاہد خاقان عباسی اور شبر زیدی اس نشست کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔
مرکزی نائب صدر چوہدری احمد جواد نے کہا کہ پی بی ایف ایک ماہر معاشیات کو نگراں وزیر اعظم کے طور پر چاہتا ہے تاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 3 بلین ڈالر کے قلیل مدتی مالیاتی پیکج پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہمیں عبوری سیٹ اپ کے دوران مالیاتی نظم و ضبط کی ضرورت ہے کیونکہ نگراں حکومت میں معاشی جائزے کے بعد آئی ایم ایف 3 بلین ڈالر کے قرض کی ایک قسط جاری کرے گا۔ ہم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نگران وزیراعظم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے متفقہ امیدوار ہونا چاہیے جس کی ملک میں معاشی بحالی کے لیے سخت ضرورت ہے۔پی بی ایف بلوچستان کی وائس چیئرپرسن، زبیدہ جلال نے نگراں وزیر اعظم کے طور پر معاشی علم رکھنے والے کسی کو مقرر کرنے کے خیال کا خیرمقدم کیا لیکن تجویز دی کہ امیدوار “آزاد اور غیر جانبدار” ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ماہر معاشیات کو عبوری وزیر اعظم مقرر کیا جاتا ہے تو وہ آئی ایم ایف کی شرائط جیسے کرنسی کی شرح تبادلہ، مانیٹری پالیسی میں سختی اور توانائی کی قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا سکتا ہے۔