کوئٹہ(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر پاکستان شاخ کے رہنماء زاہد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کے تمام حربے کشمیری قوم کے حوصلوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے،پانچ اگست ” یوم استحصال ” نے ہمارے عزم کو مزید پختہ کیا، حوصلوں کو جلا بخشی،جدوجہد ہر رنگ اور ہر حال میں جاری رہے گی یہاں تک کہ کامیابی کشمیریوں کا قدم نہ چومے۔
پانچ اگست ” یوم استحصال ” کے سلسلے میں کوئٹہ میں مختلف پروگرامات میں شرکت کرتے ہوئے جدوجہد آزادی اور مقبوضہ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے زاہد صفی نے کہا کہ کشمیریوں کے عزم کو توڑنے،حوصلوں کو کرچی کرچی کرنے اور انہیں ا پنی اندھی طاقت کے سامنے جھکانے میں پچھلی آٹھ دہائیوں سے بالعموم اور گزشتہ چار سال سے باالخصوص مودی کا بھارت بری طرح ناکام و نامراد ہوچکا ہے۔ پانچ اگست 2019کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات سے بھارت کشمیر کے حوالے سے اپنے جس خاکے میں رنگ بھرنا چاہتا تھا،بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ حریت کانفرنس کے سینئر راہنما زاہد صفی نے بیان میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 370اور35Aکے خاتمے کے بعد کشمیر ایک انتہائی کربناک اور تاریخ کے تاریک ترین دور میں داخل ہوچکا تھا۔تاہم یہ دور کشمیر یوں کے عزم و حوصلوں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔
حریت راہنما ء نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے کشمیریوں کی تاریخ ختم کرنے اور ان کی شناخت چھین لینے کی کوشش کی گئی، زمینوں پر قبضہ جمانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں طاقت کا بے تحاشا اور بے دریغ استعمال کیا گیا۔سازشوں کے جال بنے گئے۔ کشمیر کو ایک وسیع و عریض جیل میں تبدیل کیا گیا۔ میڈیا کا گھلا گھونٹ دیا گیا۔ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں سسک سسک کرمرنے کے لیے ٹھونسا گیا۔ماورائے عدالت پھانسیوں اور قتل غارت گری کا راج قائم کیا گیا،نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگکا نشانہ بنا یا گیا۔جبری گمشدگی کا راج قائم کیا گیا،ظلم کا ہرہتھکنڈا آزما کر کشمیریوں کو جھکنے پر مجبور کیا گیا۔تاہم بھارت کسی ایک بھی کشمیری کو جھکا سکا نہ خرید سکا اور نہ آئندہ کسی کو اس بات کی امید رکھنی چاہئے کہ کشمیری ظلم اور جبر یا اقتصادی چکا چوند کی وجہ سے اپنے حق سے دستبردار ہوجائے گا۔ان ابتدائی چارسال میں ہی بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت کشمیر یوں کو صفہ ہستی سے مٹاکر اس قضیہ سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔ لیکن بھارت کی سازشوں کا پر دہ چاک کرنے کے لیے پاکستان کو ہر دم مستعدد رہنا چاہے۔ ہر بین الاقوامی فورم کو بروے کار لاکر پاکستان بھارت کا مکروہ چہر ہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہے۔
بھارت چند اسلامی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط استوار کرکے کبھی بھی اپنے ان مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔بھارت کی سامراجی ذہنیت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حریت راہنمانے کہا کہ پانچ اگست ” یوم استحصال ” نے ہمارے عزم کو مزید پختہ کیا، حوصلوں کو جلا بخشی،جدوجہد ہر رنگ اور ہر حال میں جاری رہے گی یہاں تک کہ کامیابی کشمیریوں کا قدم نہ چومے۔