وزیراعظم نے عالمی جونیئر سکواش چیمپین کو حوصلہ افزائی کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کہا ہے کہ عالمی جونیئر سکواش چیمپین حمزہ خان جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی جونیئر اسکواش چیمپین حمزہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں حمزہ خان کے والد نیاز اللہ خان اور ان کی والدہ کے علاوہ وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان اللہ مزاری، نعاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ، سیکٹری بین الصوبائی رابطہ حنیف اورکزئی اور سینئر وائس پریزیڈنٹ پاکستان سکواش فیڈریشن ایئر وائس مارشل کاظم حماد نے بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعظم نے حمزہ خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے حوصلہ افزائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک بھی دیا۔ حمزہ خان نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے حمزہ کے والدین سے پشتو میں گفتگو بھی کی۔حمزہ خان نے وزیرِ اعظم کو حمزہ کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے حمزہ خان کو حال ہی میں آسٹریلیا میں عالمی جونیئیر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں۔ پاکستان کو دہائیوں کے بعد اسکواش کا اتنا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اسکواش ایک بہترین کھیل ہے، ماضی میں میں بھی اسکواش کھیلتا رہا ہوں۔ امید ہے آپ جلد ہی اپنی محنت اور لگن سے اسکواش کا سینئر عالمی ٹائیٹل بھی جیتیں گے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ پاکستان کے دیگر نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں۔حال ہی میں ہم نے پاکستان بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے قومی اسپورٹس اقدامات کا اجرا کیا۔پاکستان میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام اور اس ملک کے لاکھوں باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کرنے کی خاطر مالی اور تکنیکی سہولیات بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔۔