پاک بحریہ پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،چیف آف دی نیول سٹاف


کراچی(صباح نیوز) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہاہے کہ پاک بحریہ خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حقائق سے پوری طرح واقف ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے  وہ سالانہ پریڈ کے موقع پر  تقریب سے خطاب کررہے تھے ،

ترجمان بحریہ کے مطابق آپریشنل سال کے اختتام پر پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں کیا گیا۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس تقریب کے مہمان ِخصوصی تھے۔ نیول چیف کی آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور پاکستان نیوی فلیٹ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اہم آپریشنل مقاصد اور سنگ میل کامیابی سے حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

امیرالبحر نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان کے مواصلاتی رابطے کی گزرگاہوں کے تحفظ کے لیے پاکستان نیوی فلیٹ کی کوششوں اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زون، گوادر بندر گاہ اور سی پیک کی بحری حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔نیول چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حقائق سے پوری طرح واقف ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔امیرالبحر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی جیواسٹریٹیجک ماحول کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان بحریہ ہمیشہ چوکنا ہے اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

قبل ازیں، اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ نے رواں سال کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں بالخصوص  متعدد  میزائل  فائرنگز ،   کثیر القومی مشق امن 21  ،  انسانی ہمدردی اور آفات سے متعلق امدادی مشنز، دوست ممالک کے ساتھ متعدد دوطرفہ مشقیں، بیرون ِملک تعیناتیوں اور فلیٹ یونٹس کے ذریعے کی جانے والی ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کا ذکر کیا۔بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کے مختلف سکواڈرنز کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشنسی ایوارڈ شیلڈز دیں۔۔