ڈیرہ غازیخان(صباح نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال سے ملک پر مافیا ازم مسلط ہے اور دیمک زدہ حکومت کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے لئے عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے پتلے ہی کافی ہیں موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اس لئے عوام عام انتخابات کی تیاری کریں گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے سیکرٹری جنرل مرکزی جمعیت اہلحدیث و سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر ملک کے تمام اداروں کو گروی رکھ دیا ہے یہی وجہ ہے ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری، غربت،افلاس سمیت بد امنی جیسے بیشتر مسائل نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے مولانا فضل الرحمن نے خیبر پختونخواہ میں حکمران ٹولہ کی بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کو حکمرانوں کی واضح نا اہلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ملک کے دیگر صوبوں میں بھی بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہو گی اور اس سلیکٹیڈ حکومت سے نجات کا وقت قریب پہنچ چکا ہے اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے مولانا فضل الرحمن کو خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی پر بھرپور مبارکباد دی۔