حکومت عوام کو ایک بار پھر دھوکا دینے جا رہی ہے، سعید غنی


کراچی(صباح نیوز) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ایک بار پھر دھوکا دینے جا رہی ہے، ادویات بھی 500 فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہر چیز مہنگی کر دی ہے۔ خام مال پر ٹیکس میں اضافہ کیوں کیا گیا ؟ جبکہ ادویات بھی 500 فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ خسارے کا پوچھیں تو کہتے ہیں ترقی ہو رہی ہے اور حکومت عوام کو ایک بار پھر دھوکا دینے جا رہی ہے۔ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کو عوام کا بہت دکھ ہے لیکن حکومت کے خلاف نہیں بولتیں۔

سعید غنی نے کہا کہ کرنٹ خسارے کا پوچھیں تو کہتے ہیں ترقی ہو رہی ہے اور وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کو شرافت کا سرٹیفکیٹ دے دیا ہے۔ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کو نفیس کہا اور سب کو اس شریف جماعت کا پتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف ایم کیو ایم نے کراچی کا کیا حال کیا ؟ ہر شخص کو ان کے کارناموں کا علم ہے اور ایم کیو ایم کے شرافت کے ڈھول لندن میں بھی بج رہے ہیں۔ شریف ایم کیو ایم نے کراچی میں لوگوں کو قتل کیا۔