انسانی سمگلنگ کا ملزم یو اے ای فرار ہونے کے دوران گرفتار

کراچی(صباح نیوز)انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو متحدہ عرب امارات(یو اے ای ) فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے پشاور کو مقدمے میں مطلوب انسانی سمگلر کو متحدہ عرب امارات فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ملزم نقاش خان مختلف افراد کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے مقدمے میں مطلوب تھا جبکہ اس کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے پرواز سے آف لوڈ کرکے حراست میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملزم کو ایف آئی اے پشاور کی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔