پی ٹی آئی کا 2019 کا آئین کالعدم قرار، 2015 کا آئین بحال


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف نے 2019 کا پارٹی آئین کالعدم قرار دیتے ہوئے 2015 کا آئین بحال کر دیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی آئین کے مسودہ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 2019 کا پارٹی آئین کالعدم قرار دے کر 2015 کا آئین بحال کر دیا۔ نظرثانی کمیٹی کو آئین میں مزید بہتری کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2015 آئین کے مطابق 40 رکنی کور کمیٹی قائم کی جائیگی جب کہ 24 رکنی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی قائم ہو گی۔پارٹی آئین کے مطابق پارٹی عہدوں کی مدت2سال ہو گی۔ 2015 آئین کے تحت قومی سطح پرپارٹی کا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن کے نتائج پر وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی تمام تنظیموں کو تحلیل کرتے ہوئے تمام ممبران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔