اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پیش آنے والے آج کے واقعے پر میں بہت افسردہ ہوں، لوگ ہم پر رشک کرتے ہیں کہ ہم عوامی نمائندے ہیں، میرا ہاتھ مروڑا گیا ہے، انگلی فریکچر ہوگئی۔
قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران پیپلز پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے حکومتی جماعت تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کو تھپڑ دے مارا۔
واقعے کے بعد تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی ایوان سے باہر آگئیں اور اس دوران ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے غزالہ سیفی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قومی اسمبلی میں جاہلوں کا لشکر آگیا ہے، ہم یہاں پر عوام کے حقوق کی بات کرنے کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوئی گفتگو نہیں ہورہی تھی خواتین مردوں کی طرف آگئی تھیں اور کاغذ پھاڑ کر وزیر خزانہ کی طرف پھینک رہی تھی، میری طرف سے منع کرنے پر خاتون رکن اسمبلی نے میرے اوپر ہاتھ اٹھایا اور ہاتھ بھی مروڑ دیا۔
تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ وہ اسپتال آئی ہیں جہاں ڈاکٹرز نے کہہ دیا ہے کہ ان کی انگلی میں فریکچر ہے، ان کا ایکسرے ہونا ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کیخلاف درخواست دیں گی۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں لڑائی جھگڑے کا اتنا ہی شوق ہے تو سڑکوں پر جاکر جھگڑے کریں، میری یہ سمجھ نہیں آرہا کہ یہ لوگ آئے کہاں سے ہیں، ان لوگوں نے کہاں پڑھا ہے۔
غزالہ سیفی نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے شگفتہ جمانی کو جوابی تھپڑ بھی مارا کیوں کہ ان کے پاس اس وقت اور کوئی آپشن نہیں تھا۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔