اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز)ہسپتا ل میں نیشنل کینسر ہسپتا ل کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کینسر ہسپتا ل کا سنگ بنیاد رکھا،نیشنل کینسر ہسپتال میں اسلام آباد،راولپنڈی کے ساتھ ساتھ گردونواح کے علاقوں بشمول گلگت بلتستان کشمیر، خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کے لوگ بھی اس موذی مرض کے بین الاقوامی معیار کے علاج سے مستفید ہو سکیں گے۔ ہسپتال میں او پی ڈی، ایمرجنسی،ریڈیالوجی میڈیکل ،آئی سی یو اور بلڈبینک سمیت دیگر سہولیات میسرآئیں گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے حکم پر کینسر ہسپتا ل کا سنگ بنیاد رکھا،وزیرِ اعظم مصروفیت کے باعث سنگ بنیاد رکھنے کے لئے نہیں آسکے۔وزیر صحت نے کہا کہ 2018 میں اس ہسپتا ل کا افتتاح ہونا تھا، ضد اور انا کی وجہ سے تاخیر ہوئی، گزشتہ دور میں تمام ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کی گئی۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تاخیر کے باعث منصوبے کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی، سیاسی عزائم کی وجہ سے کینسر ہسپتا ل کو نظر انداز کیا گیا، کینسر ہسپتا ل کی عمارت پر 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، منصوبہ آئندہ دو سال کی مدت میں مکمل ہو گا۔
#/S