مقبوضہ کشمیر میں ہفتے کو مکمل ہڑتال ہوگی


سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل اورکشمیر میں زمین بیرونی سرمایہ کاروں کو فراہم کرنے  کے منصوبے کے خلاف ہفتے کو مکمل  ہڑتال کی جائے گی  ۔

ہڑتال کے موقع پر  کاروبار زندگی معطل رہے گا۔ ہڑتال کی اپیل جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ،جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ نے  کی ہے ۔

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت ہر اس چیز کو منہدم کرنے پر تلی ہوئی ہے جو کشمیریوں کی شناخت، تاریخ اور ثقافت کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے لے کر ڈومیسائل قانون کی ازسرنو تعریف تک اور زمینوں پر قبضے کی پالیسیوں سے لے کر حد بندیوں تک اور اب کشمیر کی زمین کو بھارتی سرمایہ کاروں کے لیے کھولنا سب کچھ کشمیریوں کو سیاسی طور پر ذلیل، بے دخل اور محروم کرنے کی نسل پرست حکومت کی آبادکاری کی مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت کشمیریوں کو دبانے اور خاموش کرانے کے لیے سیاسی اور انتظامی حربے استعمال کر رہا ہے تو دوسری طرف بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ یکم جنوری کو بھارتی حکومت کی جابرانہ اور سامراجی پالیسیوں کے خلاف مکمل ہڑتال کریں جن کا مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔