اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں تین درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جمعرات کو جاری ہونے والی تازہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں تین درجے ترقی کے بعد چھٹے سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کے مطابق ہیڈ کے اوپر آنے کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے ساتھ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے تیسرے نمبر پر چھلانگ لگائی ہے جبکہ سٹیو سمتھ، مارنس لبھوشین اور جو روٹ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ میں بابر اعظم اس وقت واحد کھلاڑی ہیں جو تینوں فارمیٹس کی پہلی تین رینکنگ پر موجود ہیں۔
وہ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے، ون ڈے رینکنگ میں پہلے جبکہ ٹی20 رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔اگر ٹیسٹ رینکنگ پر نگاہ ڈالی جائے تو کین ولیمسن پہلے، ٹریوس ہیڈ دوسرے، بابر اعظم تیسرے، آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ چوتھے، آسٹریلیا ہی کے مارنس لبھوشین پانچویں، انگلش بیٹر جو روٹ چھٹے، آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ساتویں، کیوی بیٹر ڈیرل مچل آٹھویں، سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے نویں جبکہ انڈیا کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت 10 ویں نمبر پر ہیں۔