اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام پر بجلی بلز میں فیول ایڈجسمنٹ پر ناروا ٹیکسز کسی صورت قبول نہیں،مہنگائی میں پسے ہوئے عوام پہلے کی شدید مشکلات کا شکار ہیں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مزید آزمائش میں نہ ڈالے ،حکومت نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ریاست بھر کے عوام اس کے خلاف احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر 2500میگاواٹ سستی ترین بجلی پیدا کرتا ہے یہاں کے عوام کی ضرورت 350میگاواٹ ہے لیکن اس کے باوجود یہاں لوڈ شیڈنگ سے تاجران اور عوام پریشان ہیں ،آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ فری زون قرار دیتے ہوئے بجلی بلا تعطل فراہمی کا اہتمام کیا جائے
انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بجلی کی رائلٹی اور بے جاٹیکسز پر واپڈا سے بات کرتے ہوئے انہیں فی الفور ختم کروائے اگر حکومت نے اپنی ذمہ داری کو ادا نہ کیا تو آزادکشمیر بھر کے عوام اس کے خلاف احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرتی ہیں کسی شہری کو اپنے بنیادی حق کے لیے سڑکوں پر نہیں آنا پڑتا لیکن حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں ناروا ٹیکسز اور لوڈ شیڈنگ سے تاجر طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس سے بے روزگار ی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔