سری نگر:مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے سری نگر میں16 نومبر کو جعلی مقابلے میں 4 کشمیریوں کو قتل کرنے والے بھارتی فوجیوں کو بے گناہ قرار دے دیا ہے ۔
بھارتی فوج نے 15 اور 16 نومبر2021 کی درمیانی رات حیدر پورہ می سری نگر میں جعلی مقابلے میںچار کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔ شہدا میںڈاکٹر مدثر گل، الطاف احمد بٹ، بانہال کا مزدور نوجوان عامر وگے اور حیدر علی شامل تھے ۔
بھارتی فوج کی اس کارروائی پر مقبوضہ کشمیر میں شدید احتجاج کیا گیا ۔مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے انکوائری کا اعلان کیا تھا ۔ پولیس کی انکوائری رپورٹ میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے ۔ ادھر شہدا کے لواحقین نے رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے ۔
ایک سرکاری بیان میں مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حکومت کو انکوائری رپورٹ موصول ہوئی ہے،ضلع مجسٹریٹ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رپورٹ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے، جنہیں کوڈ آف کرمنل پروسیجر، 1973 کے سیکشن 190 کے تحت قانون کے رو سے اس پر آگے کی کارروائی کرنے کا اختیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سال 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات سرینگر کے حیدر پورہ علاقے میں ایک جعلی مقابلے میں 4 افراد مارے گئے تھے۔پولیس نے چاروں کو عسکریت پسند قرار دیا تھا ان کی لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے خفیہ مقام پر دفنا دی گئی تھیں