راولپنڈی (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ ان کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوگی،نواز شریف کے آنے نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
راولپنڈی میں زیر تعمیر زچہ بچہ ہسپتال کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف آتے ہیں آئیں، نہیں آتے نہ آئیں، کوئی فرق نہیں پڑتا، طوفان کھڑا کیا جارہا ہے کہ وہ آرہا ہے وہ جارہا ہے، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ شیخ ہونے کے باوجود اپنی جیب سے ٹکٹ دوں گا، نوازشریف بتائیں کس روز آنا چاہتے ہیں میں ویزا اور پاسپورٹ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ ان کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوگی، حکومتیں آتی ہیں اور چلی جاتی ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ کی اچھی بات ہے وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہونے والا،عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر پانچ سال پورے کریں گے اور ہم اگلا الیکشن عمران خان کے ساتھ زوردار طریقے سے لڑیں گے، یہ حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی چاہے اپوزیشن کوئی بھی مارچ کرلے جو اپوزیشن کے پیٹ میں درد ہے وہ ٹی وی پر نہیں بتا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ہار جیت کا نام ہے اورمجھے نہیں پتا پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے کوئی قیامت نہیں آئے گی وہ پاس ہوگا، ہم چاہتے ہیں ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کیا جائے، آئی ایم ایف کے فنڈ سے مدد ملتی ہے۔